بنگلورو،28؍فروری(ایس او نیوز) انسداد کرپشن بیورو نے ریاست کے بدعنوان سرکاری افسران کے خلاف اپنی مہم کو آگے بڑھاتے ہوئے آج ریاستی محکمہ کمرشیل ٹیکس کے اسسٹنٹ کمشنر کریپا سمیت ساتھ بدعنوان افسران کے ٹھکانوں پر چھاپے مارے گئے۔ دھارواڑ میں محکمۂ کمرشیل ٹیکس کے اسسٹنٹ کمشنر کریپا ، بلگاوی کے ہیرے باگے واڑی کے ڈپٹی تحصیلدار سلیم سادھو صاب سید، بی بی ایم پی کے ٹاؤن پلاننگ چیف انجینئر کے ٹی ناگراج، بی ڈی اے کے اسسٹنٹ ایگزی کیٹیو انجینئر پی ڈی کمار بیدر تعلقہ کے پنچایت ایگزی کیٹیو آفیسر جگناتھ ، چترادرگہ کے وہیکل انسپکٹر کرونا کر، گدگ پنچایت کے ڈیولپمنٹ آفیسر شیوکمار ڈولانور کے گھر اور دفاتر پر آج اے سی بی ٹیم نے بیک وقت چھاپے مارے ، اور ان کے پاس سے غیر قانونی طور پر کمائی گئی منقولہ اور غیر منقولہ املاک ، نقد رقم اور اثاثوں کے دستاویزات وغیرہ برآمد کئے۔اے سی بی کے انسپکٹر جنرل آف پولیس کے وی شرد چندرا نے چھاپوں کی تفصیلات بتائی۔ انہوں نے کہاکہ ان افسران کے پاس سے جو بھی اثاثے ، زیورات اور نقد برآمد ہوا ہے اس سلسلے میں ان سے سختی سے پوچھ تاچھ کی جارہی ہے۔ ان تمام کے خلاف انسداد کرپشن قانون کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔